ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ کے اوچیرا میں منعقدہ فقہی سیمینار کے دوسرے دن رویت ہلال،انشورنس، صدقہ فطراوراجمتماعی قربانی وغیرہ پرپیش کئے گئے مقالات

کیرالہ کے اوچیرا میں منعقدہ فقہی سیمینار کے دوسرے دن رویت ہلال،انشورنس، صدقہ فطراوراجمتماعی قربانی وغیرہ پرپیش کئے گئے مقالات

Sun, 15 Jan 2023 16:33:50    S.O. News Service

اوچیرا 15 جنوری (ایس او نیوز) ریاست کیرالہ کے اوچیرا۔کولّم میں منعقدہ سہ روزہ مجمع الامام الشافعی کے تیسرے فقہی سیمینار کے دوسرے دن صدقہ فطر کے اہم مسائل، اجتماعی قربانی، رویت ہلال اور انشورنس کے شرعی حکم پر علمائے کرام اور مفتیان عظام نے اپنے اپنے مقالے پیش کئے، جس کے بعد نشست میں موجود دیگر علماء کرام نے پیش کردہ موضوعات پرمزید روشنی ڈالتےہوئے دیگرپہلووں کوبھی اُجاگر کیا۔ حتمی فیصلوں کے لئے بعد میں تجویز کمیٹیوں کا اعلان کیا گیا۔

اتوار کوبعد نماز فجرمجمع الامام الشافعی سیمینار کے دوسرے دن کی پہلی نشست کا آغاز مدرسہ دارالعلوم الاسلامیۃ اوچیرا۔ کولم کے طالب علم عبدالرحمن بن نصیرکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اسی مدرسہ کے طالب علم عبداللہ تسلیم نے نعت شریف پیش کی۔

آج کا پہلا موضوع رویت ہلال تھا، مدرسہ الجامعۃ الحُسنیہ کائیمکولم کے استاذ مفتی طارق انور نے رویت ہلال پراُٹھائے گئے سات سوالات میں سے چار سوالوں کے تعلق سے موصول شدہ مقالات کو اختصار کے ساتھ پیش کیا۔ بقیہ تین سوالوں کے تعلق سے بھٹکل مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین اکرمی مدنی نے اختصار کےساتھ موصولہ مقالات پیش کئے۔ سیمینار میں شریک کئی ایک علمائے کرام اور مفتیان عظام نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ بھٹکل کے ڈاکٹرعبدالحمید اطہر رکن الدین ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مولانا جُبیر نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علماء و طلبہ کو اپنا مطالعہ وسیع کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ مجمع الامام الشافعی کے جنرل سکریٹری مولانا عُبیداللہ ابوبکرندوی نے رویت ہلال کے مسائل کے حل کے لئے تجویز کمیٹی کا اعلان کیا۔

دوسرے دن کے دوسرے سیشن دارالاسلامیہ اوچیرا، کولم کے ناظم مفتی عبدالشکور نے اپنے خطاب میں فکری ارتداد پر خطاب کرتے ہوئے نئے نئے فتنوں کے تعلق سے علمائے کرام کو خبردار کیا۔ انہوں نے قادیانیوں کے بعد شکیل ابن حنیف کے فتنہ کے تعلق سے آگاہ کراتے ہوئے تشویش کااظہار کیا کہ بڑے بڑے خاندان کے لوگ اورداڑھی رکھنے والے اور عبادت گذار لوگ بھی ان کی باتوں کے جھانسے میں آرہے ہیں، مسلمانوں کو ان فتنوں سے آگاہ کرانا اور اُنہیں بہکنے سے بچانے کی فکر کرنا ازحد ضروری ہے۔

انشورنس کے شرعی احکامات کو لے کر21مختلف علمائے کرام اورمفتیان عظام کے تحقیقی مقالوں کومفتی فرید احمد نے اختصار کے ساتھ پیش کیا، جس پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ اور اس تعلق سے حتمی فیصلہ لینے مولانا عُبیداللہ ابوبکر ندوی نے تجویز کمیٹی کا اعلان کیا۔

اس سےقبل سیمینار کے پہلے دن دوسرے اور تیسرے سیشن میں برادران وطن کے ساتھ تعلقات استوار رکھنے پرمفتی مولانا ظہور نے علماء کرام کی طرف سے موصولہ 29 مقالہ جات کو اختصار کے ساتھ پیش کیا۔ اس سیشن کی نظامت بھٹکل جماعت المسلمین کے نائب قاضی مولانا انصارخطیب مدنی نے کی۔ جبکہ مہاراشٹرا سے تشریف فرما انجمن دردمندان کے بانی و صدر مفتی رفیق پورکر صاحب نے اس نشست کی صدارت کی۔ اسی طرح صدقہ فطرپرمفتی اسماعیل پٹیل تلوجہ اورمفتی فیاض برمارے حُسینی نے موصولہ مقالات کو اختصار کے ساتھ پیش کیا۔ مفتی عبدالوہاب مظاہری نے صدارت کی۔ قربانی کے اہم مسائل پرمقالہ جات کو مرکزی دارالقضاء کوکن کے چیف قاضی محمد حُسین ماہیمکرنے اختصار کے ساتھ پیش کیا اور جامعہ حُسینیہ کائیمکولم کے مفتی محمد صادق نے صدارت کی۔

سہہ روزہ سیمینارمیں ملک بھر سے فقہ شافعی سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مفتیان عظام بڑی تعداد میں شریک ہیں، مجمع الامام الشافعی کے صدرمولانا ایوب برماور ندوی سیمینار کی صدارت کررہے ہیں۔ کل پیر کو سیمینار کا آخری دن ہوگا۔


Share: